ملک بھر میں یوم عاشور کے جلوس اور مجالس جاری، سکیورٹی کے سخت انتظامات

حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور انکے اصحاب  کی کربلا میں یزیدی فوج کے ہاتھوں شہادت کے دن پر ملک کے مختلف شہروں میں مجالس عزا ہو رہی ہیں اور جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں۔یوم عاشور کی مناسبت سے ملک بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور اس موقع پر متعدد شہروں میں موبائل فون سروس بھی بند رکھی گئی ہے
کراچی میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستے پر رواں دواں ہے، جلوس ایم اے جناح روڈ ، تبت سینٹر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر ختم ہوگا۔
اس موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس متاثر  ہے اور شہر میں آج بھی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری ، اسلحے کی نمائش ، ہیلی کیم اور ڈرون اڑانے پر بھی پابندی عائد  ہے۔
فیصل آباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس مرکزی امام بارگاہ دھوبی گھاٹ سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا چوک گھنٹہ گھر سے واپس مرکزی امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔
لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثارحویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہو گیا، جلوس آج شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو گا۔
پشاورکی مختلف امام بارگاہوں سے بھی یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوئے ہیں جہاں پہلا جلوس امام بارگاہ سید علی شاہ رضوی سےبرآمد ہوا۔
جلوسوں کی سکیورٹی پر پولیس کے 14 ہزارافسران و اہلکار تعینات ہیں اور  جلوس کی گزر گاہوں کو کلئیر کرنے کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکارموجود ہیں جب کہ جلوسوں کی طرف جانے والے تمام راستے سیل اور موبائل فون سروس بند ہے۔
کوئٹہ شہر میں عاشورہ کے جلوس کےموقع پر موبائل فون سروس معطل اور موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے، کوئٹہ کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا نماز مغرب سے قبل امام بارگاہ ہزارہ ناصرآباد پہنچ کر اختتام پذیرہوگا۔
اسلام آباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہو ا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر ختم ہو گا۔
راولپنڈی میں یوم عاشورکا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سےبرآمد ہوا، اس موقع پر اطراف کے علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طورپرمعطل رہےگی۔اس کے علاوہ مظفر آباد میں بھی یوم عاشور پر موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ سروس بند رکھی گئی ہے

Leave a Reply