پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں سے چھڑپوں میں سکیورٹی فورسز کے 6 بہادر جوان شہید ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپوں کے 2 واقعات ہوئے، 19 ستمبر کو پاک افغان سرحد پر 7 دہشت گردوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی جو پاکستان میں دراندازی کی کوشش کررہے تھے۔سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں ان دہشت گردوں کا پتا لگایا اور انہیں مؤثر انداز میں گھیر کر ساتوں خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا واقعہ جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں پیش آیا جہاں خوارجی دہشت گردوں کےگروپ نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مقابلہ کرتے ہوئے 5 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا اور علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے خارجی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کے 12 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیر داخلہ نے جھڑپوں میں شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے 6 بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا، 6 جری جوانوں نے جان نچھاور کرکے خوارجی دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، خوارجی دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے والے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ شہدا ہمارے لیے باعث افتخار اور ہمارے سروں کا تاج ہیں، شہدا کی عظیم قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے