وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وزارت توانائی اور پاور ڈویژن کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء احسن اقبال اور اویس لغاری سمیت دیگر شریک ہوئے، اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کو پاور ڈویژن کے مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام، لائن لاسز میں کمی اور بجلی کی ترسیل کا نظام بہتر بنانا اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی ترسیل کی 5کمپنیوں میں نئے بورڈ چیئرمین، ممبران کی تعیناتی شفاف طریقےسے کی گئی، امید ہے ان نئی تعیناتیوں سے ڈسکوز کی کارکردگی میں بہتری آئے گی، صوبائی حکومتیں ڈسکوز کی ضرورت کے مطابق انسداد بجلی چوری کے لیے پولیس اور تحصیلدار دیں۔ وزیراعظم نے اجلاس میں ڈسکوزکی شکایات کے ازالے سے متعلق کچہریوں کا نظام مؤثر اور نتیجہ خیز بنانےکی ہدایت کی جبکہ شہباز شریف نے بلوچستان کے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت بھی کی