احتساب عدالت میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں 3 ماہ اور 37 سماعتوں کے بعد آخری گواہ پر بلآخر جرح مکمل کرلی گئی جس کے بعد عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اوران کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے 342 کے بیان کیلئے 8 نومبرکی تاریخ مقرر کردیراولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا نے کی۔بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی بھی عدالت پیشی کیلئے اڈیالہ جیل پہنچیں۔ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا اور وکلا صفائی نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے 35 گواہوں پرجرح مکمل کرلی۔بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے ریفرنس کے آخری گواہ پرجرح مکمل کی، ریفرنس کے آخری گواہ تفتیشی افسرعمرندیم پروکلا صفائی نے جرح میں 3 ماہ لگائے اور 37 سماعتوں کے بعد آخری گواہ پر بلآخر جرح مکمل کرلی گئی۔نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھاکہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مزید کوئی شواہد پیش نہیں کرنا چاہتے۔بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کے342 کے بیان کیلئے 8 نومبرکی تاریخ مقرر کردی گئی اور 8 نومبرکوبانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کو 342 کے بیان کے سوالنامے دیے جائیں گے۔
عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پرسماعت 8 نومبرتک ملتوی کردی۔