افغان سفارتخانے کی وضاحت مسترد، قومی ترانے کی بے حرمتی عالمی قوانین کیخلاف ہے، پاکستان

پاکستان نے افغان قونصلر جنرل کی جانب سے قومی ترانے کی بے حرمتی کے معاملے پر افغانستان کے سفارت خانے کی وضاحت کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ترانے کی بے حرمتی عالمی قوانین کے خلاف ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا ہفتہ وار بریفنگ کرتے ہوئے کہنا تھا لبنان میں حالیہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پاکستان ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے، دھماکوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر لبنانی حکومت اور عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں، پاکستان لبنان کی خودمختاری اور سلامتی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا غزہ میں اسکول پر اسرائیلی دہشتگرد حملے کی بھی مذمت کرتے ہیں، اسرائیل کی مہم جوئی علاقائی امن کیلئے خطرہ ہے، گزشتہ سال اکتوبر سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اسرائیل سے جواب طلب کیا جانا چاہیے۔مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ڈھونگ انتخابات کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات ناقابل قبول ہیں، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کی عالمی دنیا کی نظر میں کوئی حیثیت نہیں ہے، پاکستان مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں، کشمیریوں کی اُمنگوں کے مطابق حل چاہتا ہے، ہم کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق استصواب رائے کا کوئی متبادل نہیں ہے، ہزاروں کشمیر حراست و قید میں ہیں، پاکستان اپنےکشمیری بہنوں بھائیوں کی اس کے حق خودارادیت کے لئے جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا

Leave a Reply