چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بورڈ روم میں 3 گھنٹے طویل اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ نظام کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور چئیرمین پی سی بی نےکوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دینے کے پلان کی اصولی منظوری بھی دی ہے۔
اجلاس میں کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے سفارشات اور تجاویز پر غور کیا گیا، اور فیصلہ کیا گیا کہ کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شمولیت کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا لازم ہو گی جبکہ ڈومیسٹک کنٹریکٹ پر نظر ثانی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔چیئرمین پی سی بی کی زیر صدارت اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے کوچنگ کا معیار بہتر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا اور اس ضمن میں ڈومیسٹک کرکٹ کے کوچز کی ٹریننگ کے لیے ماسٹر کوچ کو تعینات کیا جائے گا۔ چیرمین پی سی بی نے کہا کہ کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کو ہر سطح پر پرموٹ کیا جائے گا اور کلب لیول سے نیشنل لیول تک تسلسل کے ساتھ ٹورنامنٹس کا انعقاد کرایا جائے گا۔