صوبائی کابینہ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کا اجلاس ہوا جس میں کوڑا ٹیکس لگانے کی منظوری دی گئی ہے۔
کابینہ کی منظورکے بعد کوڑا ٹیکس دیہی اور شہری علاقوں کے گھروں اور کاروباری مقامات پر لگایا جائے گا۔ دیہی علاقوں میں 5 مرلہ کے گھر پر 200 روپے، 10 مرلہ سے ایک کنال کے گھر پر 400 روپے، دیہات میں چھوٹے کاروبار، دکانوں پر 300 روپے، درمیانے درجے کے کاروبار پر 700 روپے جبکہ بڑے کاروبار پر 1000 روپے ماہانہ ٹیکس لگایا جائے گا۔ادھر شہری آبادی میں 5 مرلہ گھر پر 300 روپے، 10 مرلہ سے 1 کنال کے گھر پر 500 سے 2 ہزار روپے اور ایک کنال سے بڑے گھر پر 5 ہزار روپے ماہانہ ٹیکس لگایا جائے گا۔
اسی طرح شہروں میں چھوٹے کاروبار پر 500 روپے، درمیانے پر 1000 روپے جبکہ بڑے کاروبار پر 3 ہزار روپے ماہانہ کوڑا ٹیکس لگایا جائے گا۔خیال رہے کہ کوڑا ٹیکس پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد صوبے بھر میں نافذ العمل ہو گا