ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے درمیان ملاقات میں ملکی مفاد میں مل بیٹھ کر اتفاق رائے پیدا کرنے پر بات کی گئی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقات میں دونوں طرف سے سخت مؤقف رکھنے والوں کو سمجھانے پر اصرار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ایاز صادق نے تجویز دی کہ آپ اپنی جماعت سے سخت گیر مؤقف رکھنے والوں کو سمجھائیں، میں اپنی جماعت کے سخت گیرمؤقف رکھنے والوں کو سمجھاؤں گا، اس پر اسد قیصر نے کہا کہ پارٹی سے مشاورت کریں گے۔
دونوں رہنماؤں نے قوم کے سامنے مذاکراتی عمل کو شفاف انداز سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی وفد کی اسپیکر سے ملاقات ہوئی ہے جس میں مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرنے پر اتفاق ہوا تاہم بعد ازاں وزیر اطلاعات عطا تارڈ نے پی ٹی آئی سے رابطوں اور مذاکرات کی تردید کردی تھی