جمعہ کو پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا، شبلی فراز اور رؤف حسن نیوزکانفرنس کرنے بیٹھے تو وہاں موجود صحافیوں نے گزشتہ دنوں جلسے میں علی امین گنڈاپور کے بیان کیخلاف احتجاج کرتے ہوئےکوریج سے انکار کردیا۔سلمان اکرم راجا نے گفتگو شروع کی تو صحافیوں نے احتجاج نوٹ کراتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں کے سامنے سے مائیک اٹھا لیے۔
صحافیوں کے احتجاج کی وجہ سے سلمان اکرم راجا، شبلی فراز اور رؤف حسن نیوز کانفرنس کیے بغیر ہی چلے گئے۔اس سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر شبلی فراز کی گفتگو کے دوران بھی علی امین گنڈاپورکی جانب سے معافی نہ مانگنے پر صحافیوں نے بائیکاٹ کیا۔شبلی فراز نے صحافیوں پر الزام لگایا کہ آپ یہاں ڈسٹرب کرنے آئے ہیں، اس کا مطلب ہے آپ بھیجے گئے ہیں۔دوسری جانب صحافیوں کا مؤقف تھا کہ صحافیوں کی زندگیوں کو خطرات ہیں، علی امین معافی مانگیں۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے گزشتہ دنوں سنگ جانی کے جلسے میں اختلاف رکھنے والے صحافیوں کو کھلی دھمکیاں دی تھیں اور خاتون صحافیوں کیلئے بھی غلیظ زبان استعمال کی تھی