سینیٹرپلوشہ خان کی زیر صدارت ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا جس میں ملک بھرمیں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کے معاملے پر بحث کی گئی۔فائروال سے متعلق پی ٹی اے حکام نے آج قائمہ کمیٹی میں تفصیلات پیش کرنا تھیں تاہم پی ٹی اے حکام کی عدم دستیابی کی وجہ سے ایجنڈا ملتوی کر دیا گیا، فائر وال پر قائمہ کمیٹی نے ان کیمرا بریفنگ طلب کر رکھی تھی۔سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ آپ نے لوگوں کا روزگار تباہ کر دیا ہے، انٹرنیٹ، سوشل میڈیا ایپس سست ہونے سے بزنس متاثر ہو رہا ہے، پہلے ہی سرمایہ کاری نہیں اس طریقے سے سارا کاروبار تباہ ہو جائے گا۔سینیٹر افنان اللہ نے کہا کہ سوشل میڈیا، واٹس ایپ پر ڈاؤن لوڈنگ اور اپ لوڈنگ نہیں ہو رہی،انٹرنیٹ سست ہونے سے کم از کم 500 ملین کا نقصان ہوا ہے۔
اجلاس میں سیکرٹری آئی ٹی عائشہ حمیرا نے زور دیتے ہوئے کہا کہ موبائل آپریٹرز کی سروس میں خلل آیا ہے، یہ نیٹ ورکس پر مسئلہ ہے وائی فائی پر نہیں، ہمارے پاس انٹرنیٹ سروس سے متعلق کوئی شکایت ہی نہیں۔بعد ازاں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی نے انٹرنیٹ سروس سست ہونے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے 2 ہفتوں میں انٹرنیٹ اور سوشل میڈیاکا مسئلہ حل کرنے کی ہدایت کر دی