چین میں جاری ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان دلچسپ میچ ہوا، میچ شروع ہوتے ہی چھٹے منٹ میں احمد ندیم نے گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی تاہم یہ برتری زیادہ دیر برقرار نہ رہی اور 12ویں منٹ میں بھارت کو پنالٹی کارنر ملا جس پر کپتان ہرمیت پریت سنگھ نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔دوسرا کوارٹر شروع ہوا تو بھارت نے پھر پنالٹی کارنر لیا اور دوسرا گول کرکے پاکستان کے خلاف برتری حاصل کرلی، ہاف ٹائم پر بھارت کو دو ایک کی سبقت حاصل تھی جب کہ تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے شاندار کھیل پیش کیا اور زیادہ تر کھیل بھارتی ہاف میں ہوا۔
پاکستان نے اس کوراٹر میں 5 پنالٹی کارنر لیے لیکن کسی ایک کو بھی گول میں تبدیل نہ کرسکا، پاکستان ٹیم کو 2 مرتبہ 10،10 کھلاڑیوں سے کھیلنا پڑا، ایک بار سفیان نے فاول کیا تو انہیں 5 منٹ باہر بیٹھنا پڑا، آخری کوراٹر میں رانا وحید نے فاول کیا جس پر انہیں 10منٹ کیلئے باہر کردیا گیا۔
آخری کوراٹر میں بھی دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کوئی ٹیم گول نہ کرسکی اور یوں بھارت نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے دی۔واضح رہے کہ بھارت ایونٹ میں مسلسل 5 میچز جیت چکا ہے جب کہ پاکستان کی ٹورنامنٹ میں یہ پہلی شکست ہے، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں۔