جماعت اسلامی کی جانب سے منہگائی، بجلی کے بلوں میں کمی نہ کرنے کیخلاف ملتان، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان، بہاولنگر، لودھراں، بہاولپور اور مظفر گڑھ، سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔جماعت اسلامی کی جانب سے لاہور میں وحدت روڈ بھیکے وال چوک میں دھرنا دیا گیا جس میں کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
دھرنے سے اپنے خطاب میں جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ بڑھتے بجلی بلوں کے خلاف اکتوبر میں عوامی ریفرنڈم کرائیں گے،عوام کو ریلیف دلا کر رہے ہیں گے۔سندھ میں کراچی، حیدرآباد شکارپور، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، ٹھٹہ، ٹنڈو الہیار اور مٹھی میں بھی احتجاج کیا گیا جبکہ خیبر پختونخوا میں مہمند، لوئر دیر، نوشہرہ، کرک، مانسہرہ میں بھی جماعت اسلامی کے تحت احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی کے تیرہ مقامات پر بجلی گیس کی قیمتوں اور آئی پیز کے معاہدے کے خلاف دھرنے دیے گئے۔کراچی میں جماعت اسلامی کے احتجاجی ریلی کے موقع پر لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جارحیت سے ہزاروں فلسطینی اپنی جانوں کا نذرانہ دے چکے ہیں اور اور آج بھی اپنے قبلہ اول کی آزادی کیلئے ڈٹے ہوئے ہیں 6 اکتوبر کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملین مارچ کا انعقاد کیا جائیگا