پنجاب کی طرح سندھ میں بجلی سستی کرنے کیلئے کامران ٹیسوری سندھ حکومت کو خط لکھیں گے

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا سندھ حکومت کو بھی پنجاب کی طرح اپنے صوبے کی عوام کو ریلیف دینا چاہیے، وزیراعلیٰ سندھ پنجاب کی طرح عوام کو 14 روپے فی یونٹ بجلی کی کمی کا ریلیف دیں۔کامران ٹیسوری کا کہنا تھا سندھ کے عوام کو پنجاب کی طرح بجلی کے بلوں میں ریلیف نہ ملا تو احساس محرومی پیدا ہو گا، سندھ حکومت کو خط لکھ رہا ہوں کہ وہ بھی صوبے میں بجلی سستی کرنے کے فنڈ مختص کرے
خیال رہے کہ دو روز قبل مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے صوبے کی عوام کے لیے دو ماہ کے لیے بجلی کے نرخ 14 روپے فی یونٹ سستے کرنے کا اعلان کیا تھا۔نواز شریف کا کہنا تھا 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین 14 روپے فی یونٹ کے ریلیف سے مستفید ہو سکیں گے۔سندھ میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے حوالے سے گورنر سندھ کا کہنا تھا بارش کے باعث اندرون سندھ میں ہونے والی تباہی کے بعد لوگوں کو مدد کی بہت ضرورت ہے، اندرون سندھ میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں راشن بیگ روانہ کر رہے ہیں، بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کروں گا

Leave a Reply