گزشتہ روز ارشد ندیم کا کراچی میں شاندار استقبال کیا گیا تھا اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے ان کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔حکومت پنجاب کی جانب سے ارشد ندیم کو 10 کروڑ روپے بطور انعام دیے گئے تھے جبکہ اب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی قومی ہیرو ارشد ندیم کو 5 کروڑ روپے کا چیک انعام میں دیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے ارشد ندیم کو سندھی ثقافتی تحائف اجرک، ٹوپی اور شیلڈ بھی پیش کیے جبکہ وزیر بلدیات سعید غنی نے شہر کراچی میں ایک سڑک کا نام ارشد ندیم کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔وزیر کھیل محمد بخش مہر نے بھی اپنی طرف سے ارشد ندیم کو انعامی چیک پیش کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ کے لیے بھی50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 24 کروڑ آبادی ہے، 24 گولڈ میڈل ملک میں ہونے چاہئیں، بلاول بھٹو زرداری نے بھی ارشد ندیم کیلئے پیغام دیا ہے کہ اولمپکس کیلئے ابھی سے تیاری شروع کر دیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت ارشد ندیم کو بھرپور سپورٹ کرتی رہے گی، اس حوالے سے صوبائی وزیر ناصر شاہ ارشد ندیم سے رابطے میں رہیں گے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر ناصر شاہ نے ارشد ندیم کی والدہ کو گاڑی دینے کا اعلان کیا جبکہ صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ ارشد ندیم کوگاڑی کی رجسٹریشن کیلئے جو نمبر چاہیے وہ دیں گے۔مزید برآں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی ارشد ندیم کے نام پر ایک اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کیا